کراچی(نیوز دیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 31دسمبر تک ملک کو لوٹنے والے جیل کی رونق بڑھائیں گے ، اپوزیشن نے سارا زور فروری کے مہینے پر لگانا ہے،سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف کی جیت اپوزیشن کی سیاست ختم کردے گی ، بھارت پاکستان میں اکتوبر کےدوران فرقہ وارانہ فسادات کرنا چاہتا ہے ۔ کراچی میں نیوزکانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا 30دسمبر تک جھاڑو پھر جائے گا، نوازشریف سب سے پہلے کورٹ کو عزت دیں، آصف زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم عائد ہوگئی ہے، کیونکہ منی لانڈرنگ کرنے والے چور وں نے ملک
کا پیسہ لوٹا، مہنگائی کے اصل مجرم بھی منی لانڈرنگ کرنے والے ہیں ، اب اپوزیشن عوام کو بےوقوف بنا رہی ہے،جہاں اے پی سی جلسہ کرے گی میں بھی وہاں جلسہ کروں گا،بلاول نے کہا جہاں شیخ رشید جائیں گے میں وہاں نہیں جاوَں گا،پتہ نہیں بلاول بھٹو مجھ سے کیوں ڈر رہے ہیں ، حالانکہ میں تو قومی اسمبلی میں بھی ہوں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف بھارت کا بیانیہ پیش کررہے ہیں ، پاکستان کے بجائے بھارت کو باہر ممالک سے کالز کی جاتی تھیں ، نوازشریف نے پاکستان آنے کیلئے اپنا جمہوری گلہ خود دبایا ہے ، کیونکہ نواز شریف نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ساری عمر لندن میں رہیں گے ، تاہم فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں ، اور عمران خان چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں ۔ اپنے محکمے کے بارے میں وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ ساڑھے چار مہینے ریل نہیں چلی، اس وجہ سے معاشی بحران ہے، ایم ایل ون پر ڈیڑھ لاکھ لوگ بھرتی کررہے ہیں، تنخواہ چین دے گا، جس نے موجودہ ٹریک پر ایک روپیہ لگایا نیب میں کیس کردوں گا، پاکستان ریلوے انقلاب کی جانب گامزن ہے ۔