لاہور (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن نے نواز شریف کا بیانہ مسترد کرنے والے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کی بنیادی رکنیت معطل کر دی۔نواز شریف کا بیانیہ ماننے سے انکار کرنے والے لیگی ایم پی اے مشکل میں پھنس گئے۔پارٹی نے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری کی بنیادی رکنیت معطل کردی۔ن لیگ نےجلیل شرقپوری سے7روزمیں تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔ پارٹی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 7دن میں جواب نہ دیا تو رکنیت معطلی پرالیکشن کمیشن جائیں گے۔پنجاب کے شہر شیخوپورہ سے منتخب ہونے والے ن لیگی ایم پی اے جلیل شرق پوری نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کردیا تھا۔
ن لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پارٹی میں بڑی تعداد میں رہنما نواز شریف اور مریم نواز کے موقف کے مخالف ہیں۔میاں جلیل شرق پوری نے کہا کہ نواز شریف کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے، ملکی اداروں کے خلاف بیانات ملکی مفاد میں ہر گز نہیں ہوسکتے، نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی۔ واضح رہے کہ جلیل شرقپوری نے ہفتے کی شام کو جاری بیان میں کہا تھا کہ پاک فوج مخالف تقریر قومی مفاد کے سراسر خلاف ہے۔ مجھ سمیت محب الوطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد ایسے منفی موقف سے اعلان لاتعلقی کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی کی خاطر سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے پر تیار ہیں۔نواز شریف کا فوج مخالف بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ن لیگی قیادت نے اے پی سی اجلاس کے دوران ہمارے دشمن بھارت اور مودی کی زبان بولی۔ اس لیے اپنی قیادت کے ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی ن لیگی ارکین اسمبلی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔