لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور میں ڈانس پارٹیوں اور اعلیٰ افسران کو منشیات فراہم کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کئی سیاسی اور بااثر شخصیات کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس بارے میں پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم عرصہ دراز سے اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے کا دھندہ کرتا تھا خصو صا تعلیمی اداروں میں بھی اس کی چرس کئی کئی کلو کے حساب سے جاتی تھی۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ منشیات فروش آصف کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 5کلو چرس برآمد کرلی،
ملزم مزدوربن کرمنشیات بیچتا تھا، مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تاہم اس بارے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم کے کئی بااثر اور سیاسی شخصیات سے تعلقات ہیں جس کے بعد اس کی ضمانت کے لئے کئی سفارشیں آ چکی ہیں۔خیال رہے کہ لاہور کے پوش علاقوں میں ہونے والی ڈانس پارٹیوں میں منشیات کا استعمال ایک عام بات ہے۔اس حوالےسے پولیس کی جانب سے پہلے بھی کئی بار چھاپے مارے جا چکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ملتان میں بھی ایسی ہی ڈانس کی تقریب منظرعام پر آئی تھی۔ تقریب میں کورونا ایس او پیز اور ساؤنڈ ایکٹ کی سرعام خلاف ورزی کی گئی تھی جبکہ اس واقع کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی تھی۔ ویڈیو میں ڈانسر پر پیسے پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔چونکہ ان دنوں میں کورونا کی وجہ سے اس طرح کی تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔لیکن اس خلاف ورزی پر پولیس حرکت میں دکھائی نہیں دی۔جس پر اہل علاقہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ساری رات رقص ہوتا رہا اور گانے سنائیں دیتے رہے لیکن پولیس نے کوئی کاروائی نہیں کی۔ تاہم ایسی پارٹیوں میں منشیات فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔