لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی کا دعویٰ ہے کہ ن لیگ کے بڑے گروپ نے اپنے قائد کیخلاف بغاوت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ن لیگ کے اندر میٹنگز جاری ہیں، کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف ملک کیلئے خطرہ بن چکے، مزید ان کی قیادت قبول نہیں کر سکتے، شہباز شریف کو پارٹی معاملات سونپنے کا مطالبہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ن لیگ کے اندر نواز شریف کیخلاف بڑی بغاوت کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔اے پی سی سے نواز شریف کے متنازعہ خطاب اور حالیہ کچھ روز کے دوران پیش آئے واقعات کے بعد ن لیگ کے اندر لوگ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ ن لیگ کے لوگوں کی بڑی تعداد نواز شریف
کے حالیہ اقدامات سے سخت نالاں ہے۔ن لیگ کا ایک بڑا باغی گروپ تیار ہو رہا ہے کہ جو آنے والے دنوں میں نواز شریف کیخلاف بغاوت کر دے گا۔ اس گروپ کا موقف ہے کہ نواز شریف اب ملک کیلئے خطرہ بن گئے ہیں اس لیے مزید ان کی قیادت قابل قبول نہیں ہے، پارٹی کے معاملات میں ان کا عمل دخل ختم کیا جائے۔نواز شریف کو پارٹی معاملات سے دور کر کے شہباز شریف کو ن لیگ کا مکمل کنٹرول سونپا جائے۔ صابر شاکر کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین والا راستہ اختیار کر لیا ہے، آنے والے دنوں میں ن لیگ تقسیم ہو جائے گی۔ جیسے ایم کیو ایم تقسیم ہو کر پاکستان اور لندن کے گروپس بن گئے تھے، ویسے ہی ن لیگ بھی تقسیم ہوگی۔ ایک گروپ مسلم لیگ ن پاکستان اور دوسرا گروپ مسلم لیگ ن لندن ہوگا۔