اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ میاں صاحب کوکوئی سمجھائے کہ عوام نے 2018 کے الیکشن میں واقعی ووٹ کوعزت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے سمجھ بوجھ کر ووٹ کو استعمال کیا۔ انہوں ںے دعویٰ کیا کہ ووٹ کے ذریعے میاں صاحب اقتدار سے فارغ ہوئے۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیراسدعمرنے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کو جعل سازی کرکے ملک سے بھی بھاگنا پڑا۔ اسد عمر نے استفسار کیا کہ ووٹ کی اتنی عزت کافی نہیں یا مزید عزت افزائی کی ضرورت ہے؟پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی اپوزیشن کی جانب سے منعقدہ اے پی سی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے
کہا ہے کہ اے پی سی دراصل ابو بچاؤ مہم کی ناکام کوشش تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔اپوزیشن کی جانب سے منعقدہ اے پی سی پر نجی ٹی وی کے نمائندے سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ جب نواز شریف اقتدار میں رہتا ہے تو پھر سب اچھا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں غصہ اس بات پر ہے کہ اقتدار سے کیوں باہر کیا گیا؟وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کا احتساب نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ نہیں بتایا ہے کہ گزشتہ 15 سالوں کے دوران وہ خود اس سسٹم کا حصہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزرے 15 سالوں کے دوران انہوں نے کٹھ پتلی کے طور پر خدمات سر انجام دی ہیں۔