اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے آل پارٹیز کانفرنس شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ایک بیان میں کہا ہے کہ ای پی سی میں کچھ بات چیت بند دروازوں میں بھی ہوگی۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کراچی سے آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ نوازشریف لندن سے ویڈیو لنک پر شرکت کریں گے اور اے پی سی میں تمام جماعتیں اپنا موقف پیش کریں گی۔پاکستان پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے آغاز میں سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف ابتدائی کلمات ادا کریں گے
جو پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا آفیشل اکاؤنٹس پر براہ راست نشر ہوں گے۔شیری رحمان نے بتایا کہ حکومت اے پی سی کے باعث دباؤ میں ہے۔ حکومت سے کہیں گھبرانا نہیں۔ انہوں نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی خود ماری ہے۔آج ایکشن پلان مجموعی طو پر بنایا جائے گا اور اے پی سی کے بعد میڈیا کو ایکشن پلان سے آگاہ کیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں موجودہ حکومت کی جواب دہی کیلئے متحد ہیں۔ سلیکٹڈ تجربے کے دوسال پاکستان اور عوام کیلئے تباہی اور بربادی ثابت ہوئے۔ سلیکٹڈ تجربے کے منفی نتائج جمہوریت ، معیشت اور خارجہ پالیسی پڑے۔ ہم جمہوریت کیلئے متحد ہیں، جمہوریت بہترین انتقام ہے۔اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آج ہوگی جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف بھی ویڈیو لنک سے شرکت کریں گے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وزیراعظم، اسپیکر اسد قیصر اور وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی خواہش مند ہے جب کہ ن لیگ کی جانب سے نئے میثاق جمہوریت کی تجویز زیرغور ہے۔