اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق نواز شریف اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی دعوت قبول کر لی ہے۔نواز شریف کو گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ حزب اختلاف کی اے پی سی 20 ستمبر کو ہو گی۔
جس میں مسلم لیگ ن کا گیارہ رکنی وفد شہباز شریف کی زیرقیادت شرکت کرے گا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کر لیا۔گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ اور سب کچھ دیکھیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہو گی۔