لاہور(نیوز ڈیسک) چیئرمین پیمرا نے ریجنل آفس لاہور کے افسران کو غیر اخلاقی مواد اور بھارتی چینل کی نشریات نشر کرنے پر کارروائی کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق آج چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں ان سے کیبل آپریٹرز کے وفد نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین نے ہدایت کی کہ محرم کے حوالے سے جاری ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔چیئرمین پیمرا نے کہا محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضا کو یقینی بنایا جائے، چینلز نشر ہونے والے مواد کو مذہبی، معاشرتی اور اخلاقی
اصولوں کے مطابق نشر کریں۔ چیئرمین پیمرا نے غیر اخلاقی مواد اور بھارتی چینلز کی نشریات نشر کرنے پر کارروائی کی ہدایت بھی کی۔کیبل آپریٹرز نے چیئرمین پیمرا کو ڈیجیٹلائزیشن اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا، چیئرمین نے اسٹیک ہولڈرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے افسران کو اقدامات کا حکم دیا۔دریں اثنا، فرایض سے غفلت برتنے پر چئیرمین پیمرا نے فیلڈ انسپکٹر کو معطل کر دیا۔یاد رہے کہ چند دن قبل چئیرمین پیمرا نے سکھر ریجن کا بھی دورہ کر کے انڈین چینلز اور غیر اخلاقی مواد کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی تاکید کی تھی۔