اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ سلیمان شہباز نے اپنے والد کا کندھا استعمال کرکے ناجائز اثاثے بنائے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف کے اثاثوں میں 10 سال کے دوران 70 گنا اضافہ ہوا جبکہ سلیمان شہباز کے اثاثوں میں ایک ہزار گنا اضافہ ہوا۔شہباز گِل نے کہا کہ 200 سے زائد جعلی ٹی ٹیز کے ذریعے معصوم لوگوں کے نام پر پیسا لانڈر کیا گیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا
کہ ماضی میں قانون کو مذاق بنانے والوں کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں سلیمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔عدالت نے شہباز شریف کے صاحبزادے کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا جبکہ وارنٹ سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔بعد ازاں سلیمان شہباز کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کی عزت کے دعویدار سیاسی انتقام میں بہو، بیٹیوں کا احترام بھی بھول گئے ہیں۔