لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ نجکاری کے نام پر سرکاری زمینوں کی نیلامی اور بندر بانٹ کی جا رہی ہے۔والٹن ائیرپورٹ کی زمینیں وزیراعظم کے دوستوں کو دی جا رہی ہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ والٹن ائیرپورٹ ایک تاریخی جگہ ہے اسے کیوں نیلام کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف عدالت کی اجازت سے باہر جا رہے تھے مگر ان کو روکا گیا اور زلفی بخاری بغیر کسی تفتیش کے باہر چلے گئے۔انہوں نے کہا حکومتی ترجمان کہہ رہے ہیں کہ زلفی بخاری واپس آ جائیں گے لیکن اصل سوال یہ ہے کہ وہ باہر کس کی اجازت سے چلے گئے،
انہوں نے مزید کہا کہ عام پاکستانیوں کے لیے ویزے بند ہیں لیکن زلفی بخاری بیرون ملک چلے گئے۔وزیراعظم کے بیانات سے ایسا لگ رہا ہے کہ فہم و فہراست نہ ہو تو پھر ٹینشن والی کوئی بات نہیں۔عطاء اللہ تارڑ کے الزمات پر علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اگر عطاء تارڑ کے پاس ثبوت ہیں تو کل لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف درخواست دیں،رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں۔حکومت نجکاری کر رہی ہے اور اگر اس میں کسی قسم کا غیر قانونی کام کا ثبوت ہے تو وہ عدالت میں لے جائیں اور اگر عطاء تارڑ عدالت نہیں گئے تو یہ اخلاقی کرپشن ہو گی۔ واضح رہے کہ تاریخی والٹن ایئرپورٹ ہمیشہ کیلئے بند کردیا گیا ہے جس سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے حکم نامہ بھی جاری کردیا۔ایئرپورٹ منیجر کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق 26مئی سے والٹن ائیرپورٹ استعمال نہیں ہوگا۔ انھوں نے ائیرپورٹ پر فلائنگ کلبز کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ سی اے اے حکام کے مطابق والٹن ائیرپورٹ سے تربیتی پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال ایئرپورٹ منتقل کردی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے فلائنگ کلب کے لیے مریدکے میں جگہ مختص کی جاچکی ہے حکام کے مطابق ٹینڈر مکمل ہونے پر 6 سے 7 ماہ میں فلائنگ کلب مریدکے میں تعمیر کرلیا جائے گا۔