لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف صحت مند ہو چکے ہیں اور پاکستان واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حال ہی میں اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے کابینہ کے فیصلے پر نکالا گیا تھا۔اس میں عدالت کا کوئی کردار نہیں ہے۔نواز شریف کا نام بلکل ایسے ہی ای سی ایل سے نکالا گیا جیسے 2016ء میں جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا تھا۔یہ فیصلہ سپریم کورٹ پر ڈال دیا گیا تھا لیکن ان کے فیصلے
میں یہ کہیں نہیں لکھا تھا۔حامد میر نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کابینہ اپنے آپ کو بری الذمہ نہیں قرار دے سکتے۔تاہم مجھے یہ ضرور یاد ہے کہ نواز شریف چند ہفتوں کے لیے گئے تھے۔اب اگر وہ لندن کی سڑکوں پر چل رہے ہیں تو اس میں حکومت کو پریشان ہونے کی کیا ضرورت ہے۔یہ تو اچھی بات ہے کہ مریض صحتیاب ہو گیا ہے اور چل پھر رہا ہے۔میری اطلاعات کے مطابق مریض بھی صحتیاب ہو گیا ہے اور واپس آنے پر تیار بھی ہو گیا ہے۔حامد میر نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کو واپس لانا ہے تو پرویز مشرف کو بھی مت بھولیں۔پرویز مشرف بینظیر بھٹو قتل کیس میں مفرور ہیں۔جب کہ آئین سے غداری کے مقدمے کی تو کوئی بات ہی نہیں کر رہا۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بیرون ملک علاج کی تجویز پنجاب حکومت اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دی۔ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت، وزیر صحت یاسمین راشد اور سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز سے پوچھیں انہوں نے درخواست کی کہ نوازشریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا، انہیں باہر جانے کی اجازت دی جائے۔