اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ضیا) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے اپوزیشن کو این آر او دینے سے متعلق نیا انکشاف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے سینیٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ شفاف سینیٹ انتخابات ناگزیر ہیں۔ شفاف سینٹ انتخابات وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ سینٹ کے انتخابات میں تاریخی مفاہمت ہوئی جبکہ حمزہ شہباز رہائی کی ٹائمنگ دیکھ کر لگتا ہے اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ سے قبل ملک میں مفاہمت کی فضا قائم ہو جائے گی۔چائنہ ونڈو پشاور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر
نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے این آر اوز تو بڑے دیکھے ہیں مگر اب حکومت بڑے این آراو دینے جارہی ہے دیکھتے ہیں کہ ڈسکہ کے انتخابات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے اپوزیشن بہت شور مچا رہی تھی لیکن اب اپوزیشن بھی مفاہمت کی باتیں کر رہی ہیں۔ حمزہ شہباز کے بعد شہباز شریف بھی رہا ہو جائیں گے، دونوں جماعتیں بھرپور طریقے سے رابطے میں ہیں۔چوہدری پرویز الٰہی نے بہت اچھا کام کیا، دیکھتے ہیں کہ اب مولانا فضل الرحمان کیا کرتے ہیں۔سینیٹ الیکشن میں حکومتی اُمیدوار حفیظ شیخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ نشست جیتنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ نشست ہار گئی تو وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں دو روز باقی ہے جس کے پیش نظر سیاسی ماحول مزید گرم ہو گیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ان دو دنوں میں اپنی تمام تر توجہ سینیٹ انتخابات اور اس کے لیے چلائی جانے والی انتخابی مہم پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔