اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان فوجی محاذ آرائی روکنے کے لیے بہترین کردار ادا کیا۔عرب خبر رساں ادارے کودیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان نے تناؤ میں موجود خطے میں فوجی کارروائی کے بڑھتے امکان کو روکا۔وزیراعظم نے کہا کہ خطے کے دو ممالک کے درمیان عسکری ٹکراؤ کے امکان سے مشرقی وسطیٰ کے لیے بدترین حالات پیدا ہوئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا نتیجہ سست روی کا شکار ہونے کے باوجود پاکستان ثالثی کے لیے مسلسل کوششیں کررہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان ہماری ثالثی رکی نہیں ہے لیکن ہم اس پر آہستہ آہستہ پیشرفت کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان فوجی مزاحمت روکنے کے لیے بہترین کردار ادا کیا اور ہماری کوششیں کامیاب ہوئیں۔انٹرویو کے دوران وزیراعظم نے پڑوسی ملک بھارت سے تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی جنوبی ایشیا کی سیکیولرزم کو کمزور کررہے ہیں۔