عامر لیاقت حسین نے اپنی ہی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے اپنی ہی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین نے کہا کہ جو تکلیف دہ صورتحال ہے وہ یہ ہے کہ حکومت نے جو کیا یہ حکومت کا کام ہونا ہی نہیں چاہئیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو سامنے لانا ، مجھے ہرگز یہ اچھا نہیں لگتا کہ میرے ملک کی کسی بھی صورت میں بدنامی ہو۔میرے ملک کی ایسی کوئی بھی چیز آئے۔ اس ویڈیو کی تحقیقات خفیہ طور پر بھی کی جا سکتی تھیں۔ ویڈیو آپ کے پاس آ گئی تو کیا ضروری ہے کہ دو کلو مٹھائی

کے ڈبے لے کر یہ کہنا کہ ہم نے اس کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ بہت انصاف کی بات ہو گئی۔ لیکن اس سے ملک کی تو بدنامی ہو گئی۔پوری دنیا میں یہ ویڈیو دکھا دی۔ عامر لیاقت حسین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو بنائی بھی انہوں نے ہی ، 2018ء کی ویڈیو بنا کر اپنے پاس رکھی ہوئی تھی۔خود ویڈیو بنوا کر ویڈیو میں موجود شخص کو وزیر قانون بھی بنا دیا اور اب جب موقع آیا تو اسے وزیر قانون کے عہدے سے ہٹا بھی دیا۔ چونکہ اس سے میرا ملک ، میرا وطن بدنام ہوتا ہے ، اسی لیے میں ایسی ویڈیوز کا حامی ہی نہیں ہوں۔ میں اس بیان سے بھی اختلاف کرتا ہوں کہ کوئی قومی اسمبلی میں کھڑا ہو کر یہ کہہ دے کہ ہمارے پائلٹس فارغ تھے۔ جو کچھ بھی ہے آپ کو چاہئیے کہ آپ اپنے گھر کی باتیں اپنے گھر میں ہی رکھیں۔حکومت کے پاس آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس ہے جس پر اسے فخر ہونا چاہئیے، ان کو ویڈیو دی جاتی تو وہ تحقیقات کر کے گردن سے پکڑ لیتے ۔ لیکن ان کو ہیرو بننے اور سر پر سیجیں سجانے کا جو شوق ہے ، حکومت کا یہی شوق کسی دن لے ڈوبے گا ، ہمیں پاکستان کا خیال کرنا چاہئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں