اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں وفاقی کابینہ کے اراکین اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈ ی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملکی سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات گذشتہ ہفتے ہوئی تھی جس میں عسکری قیادت نے فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھنے پر زور دیا۔عسکری قیادت نے واضح کیا کہ فوج کاملک میں کسی بھی سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق نہیں اور اس کے علاوہ الیکشن ریفارمز، نیب، سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔ملاقات میں عسکری قیادت نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر فوج ہمیشہ سول انتظامیہ کی مدد کرتی رہے گی، ملاقات میں گلگت بلتستان کے انتظامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی کی تھی۔وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا تھاکہ مقتدر حلقوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں کسی کام میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں، ملک کی سلامتی اور جمہوریت انہیں عزیز ہے۔شیخ رشید کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف ہوں گے، مقتدر حلقوں نے کہا ہےکہ جو بھی منتخب حکومت ہوگی، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم کسی ایک حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔