اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) اوگرا نے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، اور اس حوالے سے اوگرا نے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمتوں کا تعین 30 روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پرکیا گیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے7 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 19روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔فی لیٹر پیٹرول پر موجودہ عائد لیوی 17 روپے 97 پیسے اور فی لیٹر ڈیزل
پر موجودہ عائد لیوی 18 روپے 36 پیسے ہے، اور موجودہ پیٹرولیم لیوی کی بنیاد پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 6 روپے فی لیٹر بڑھے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔یاد رہے 15 فروری کو وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی تھی ،اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 7 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 61 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔اوگرا کی جانب سے مٹی کا تیل 10 روپے 79 پیسے، لائٹ ڈیزل میں 7 روپے 43 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کو مدِ نظر رکھ کر قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ہے، حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر حد تک جائے گی۔خیال رہے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل ہر 15 روز میں کیا جاتا ہے، گزشتہ 45 دن سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔