کوئٹہ(نیوز ڈیسک)لیویز کوئیک رسپانس فورس نے دشت میں ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا گھناؤنہ منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔لیویز حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات پر لیویز کوئیک رسپانس فورس نے مستونگ کے علاقے دشت میں کارروائی کی، کارروائی کے دوران لیویز حکام نے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود مواد برآمد کرلیا، اسلحہ وگولہ بارودپہاڑوں میں چھپایا گیا تھا۔لیویز حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 7 آر پی جی راکٹ لانچرز بمعہ 20 راؤنڈز برآمد کیے گئے، جب کہ دیگر سامان میں 2 ایل ایم جی مشین گنز بمعہ 4راونڈز، آٹو گرنیڈ لانچر، 5 سو گرنیڈز ڈیٹونیٹرز، 50 آئی ای ڈی ڈیٹونیٹرز شامل ہیں۔لیویز حکام کے مطابق برآمد کیا گیا اسلحہ اور
گولہ بارود صوبے میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔گذشتہ سال اکتوبر میں بھی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا تھا، بلوچستان کے علاقے قمردین کاریز سے دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ کالعدم تحریک طالبان نے دھماکا خیز مواد کوئٹہ اور ژوب میں دہشت گردی میں استعمال کرنا تھا، دھماکا خیز مواد میں 6 سے 8 کلو کے 8 بم برآمد کیے گئے۔لیویز حکام کے مطابق آئی ای ڈیز میں تیار ہونے والا سامان سے بھرا تھیلا بھی برآمد کیا گیا۔ تھیلے میں ریموٹ، ڈیٹونیٹرز، بال بیئرنگ، تاریں اور دیگر سامان شامل تھا۔ دہشت گردی میں استعمال ہونے والا سامان ممکنہ طور پر حال ہی میں افغانستان سے لایا گیا۔