سردار تنویر الیاس سے وزرائے حکومت کی ملاقات ۔۔۔ سیاسی ہلچل۔۔

تجزیہ: انجینئر اصغرحیات

کیا آزاد کشمیر کی سیاست میں کچھ بڑا ہونیوالا ہے؟ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا گھر ایک بار پھر سیاسی توجہ کا مرکز بن گیا۔ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کیساتھ اچانک وزائے حکومت کی جماعت کی ملاقات؟ کیا آزاد کشمیر میں نئی سیاسی جماعت کیلئے ہوم ورک کا آغاز کردیا گیا ہے؟ سردار تنویر الیاس کا ایک بار پھر سیاست میں متحرک ہونا کس طرف اشارہ ہے؟

تفصیلات کے مطابق صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر ، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے انکی رہائش گاہ پر آزاد کشمیر کے وزائے کرام نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں وزیر خزانہ عبد الماجد خان ، وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی ، وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم ، وزیر جنگلات چوہدری اکمل سرگالہ ، وزیر ٹورازم و معدنی وسائل سردار فہیم اختر ربانی اور مشیر حکومت برائے جیل خانہ جات سردار احمد صغیر بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور وزرائے حکومت کے درمیان گلےشکوئے ہوئے اور بہت سی غلط فہمیاں دور ہوئیں۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سردار تنویر الیاس کے  وزرائے حکومت کے ساتھ ڈیڑھ سال بعد براہ راست رابطے بحال ہوئے ہیں اور دونوں فریقین نے آگے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطبق آئندہ دنوں میں مزید رابطہ کاری پر بھی زور دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی وزرائے حکومت کے ساتھ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور آزاد کشمیر میں نئی سیاسی جماعت کی بازگشت ہے۔ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی سے خوش نہیں ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے پیپلزپارٹی یا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔ سردار تنویر الیاس سے ملاقات کرنیوالے وزرا کا تعلق تحریک انصاف فارورڈ بلاک سے ہے۔ یہ وزرا پہلے بھی سردار تنویر الیاس کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ ذرائع دعوی کررہے ہیں کہ ان وزرا اور سردار تنویر الیاس کے درمیان ورکنگ ریلیشن پہلے سے موجود ہے۔ پہلے مرحلے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ اس رابطہ کاری کو بڑھایا جائے گا ۔ اور دوسرے مرحلے میں ساز گار ماحول بنتے ہی سیاسی پیشرفت سامنے آجائے گی۔ نئے سیاسی سیٹ اپ میں کس کے پاس کیا عہدہ ہوگا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا ۔ لیکن نئے سیٹ اپ میں موجودہ اور سابق وزرائے اعظم کا کردار اہم ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں