وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس بلدیاتی انتخابات کیلئے ڈٹ گئے

اسلام آباد (اصغرحیات) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو ٹوک موقف اپنایا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہر صورت ہوں گے عام انتخابات میں عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے، تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور کی پاسداری یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بلدیاتی الیکشن پر عوام کو گمراہ کر رہی ہیں، آئے روز جھوٹی افواہیں پھیلا کر مایوسی پیدا کی جا رہی ہے،سیکیورٹی فراہمی یقینی بنانا حکومت کا کام ہے، سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ریاست کی عوام الیکشن کی تیاری جاری رکھیں، بلدیاتی الیکشن سے عام آدمی اقتدار کا شراکت دار ہو گا جس سے جمہوریت مضبوط ہو گی، الیکشن میں ہار جیت جمہوریت کا حسن ہے مگر شکست کے ڈر سے انتخابات سے بھاگنے کا موقع کسی کو نہیں دیا جائے گا

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق بلدیاتی الیکشن سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو عملی سیاست کا موقع مل رہا ہے،تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان ہمارے لیے قابل احترام ہیں، الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں