میرپور آزاد کشمیر(مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میرپور نے اس ضمن میں کہا ہے کہ یکم مارچ سے ضلع میرپور، آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔ڈپٹی کمشنرمیر پور کے مطابق کورونا کے حوالے سے صورتحال انتہائی تشویشناک ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے ضلع بھر کے تمام تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ آئندہ دو ہفتے کے لیے بند کردی گئی ہے۔ ضلع کے تمام شادی ہالوں اور منعقد ہونے والے تمام عوامی اجتماعات کو بھی آئندہ ایک ماہ تک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میرپور کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی چین کو توڑنے کے لیے لاک ڈاؤن کا نفاذ انتہائی ضروری ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سیاسی و مذہبی اجتماعات پر بھی پابندی ہو گی جب کہ اشیائے خوردونوش کی دکانیں ہفتے میں دو دن منگل اور جمعے کی صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلیں گے۔ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ پبلک پارکس، کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہو گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نماز جنازہ کے اجتماعات میں صرف 50 افراد شریک کر سکیں گے، جب کہ پلپ دھان گلی اور جاتلاں پل سیل کر دیا گیا۔پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 ویں نمبر پر ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 176 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 23 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 871 مریض شفایاب ہوگئے۔