نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی بحریہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افسران ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالہ میں بھارتی بحریہ کا طیارہ آئی این ایس بحری جہاز سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں گر کر تباہ ہوگیا۔طیارہ حادثے میں بھارتی بحریہ کے دو افسران ہلاک ہوگئے، بھارتی بحری حکام نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افسران میں 39 سالہ لیفٹیننٹ راجیو جھا اور 29 سالہ سنیل کمار شامل ہیں، راجیو جھا کا تعلق ریاست اترکھنڈ سے ہے اور سنیل کمار بہار کے رہائشی ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل
کرناٹک کے علاقے کاروار میں ایک اور بحریہ کا افسر گلائڈر سمندر میں ڈوبنے کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ان کا ٹرینر زخمی ہوگیا تھا جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی بھارتی بحریہ کا مگ 29 طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گووا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہرے انجن والے سنگل سیٹر طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ کریش کر گیا۔اس سے قبل جنوری 2018 میں بھی گوا میں ایک مگ 29 کے طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، طیارے نے جیسے ہی رن وے سے اڑان بھری، فوراً بعد بیس ہی میں گر کر تباہ ہو گیا، ٹرینی پائلٹ نے خود کو بچا لیا تھا۔