اس بارمیدان عرفات میں خطبہ حج کون پیش کریں گے، اعلان کردیا گیا

مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک) حج بیت اللہ کی زندگی میں کم از کم ایک بار سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہوتی ہے۔ اور یقینا وہ لوگ بہت خوش نصیب ہیں جنہیں یہ سعادت نصیب ہو جاتی ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے سعودی عرب کو بھی کورونا کی وبا کا سامنا ہے۔ جس کی وجہ سے سعودی حکومت نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حج صرف مملکت میں مقیم مقامی اور غیر ملکی افراد تک محدود کر دیا گیا ہے۔اس فیصلے کی وجہ سے پاکستان میں بھی لاکھوں عازمین حج کے دل ٹوٹ گئے ہیں، جن کا حج کا ارمان پچھلے سال بھی پورا نہیں ہو سکا تھا۔

مکہ مکرمہ اور حج کے مقدس مقامات سے ہر مسلمان کی گہری عقیدت اور دلچسپی ہوتی ہے۔ ہر کوئی ان سے جُڑی چھوٹی سے چھوٹی تفصیلات جاننے کا بھی خواہش مند ہوتا ہے۔اس بار بھی لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ رواں سال خطبہ حج کی سعادت کونسے امام کعبہ حاصل کریں گے۔حرمین شریفین کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ کو رواں سال خطبہ حج کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ انتظامی کمیٹی نے خادم الحرمین الشریفین شاھ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی منظوری سے رواں سال حج کے خطبہ کے لیے الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ڈاکٹر الشیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ مسجد الحرام میں امام اور خطیب کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔سعودیہ کے سرکردہ علماء کی کونسل کے ممبر بھی ہیں۔ انہیں اس علماء کونسل کا رُکن 18 اکتوبر 2020ء کو منتخب کیا گیا تھا۔ شیخ بلیلہ کی پیدائش 1395ھ میں مکہ معظمہ میں ہوئی۔ انہوں نے اُم القریٰ یونیورسٹی کے الشریعہ کالج سے فقیہ کی ڈگری حاصل کی اور یہیں سے اسلامک اسٹڈیز میں ایم اے کیا۔ اس کے بعد مدینہ منورہ کی اسلامی یونیورسٹی سے فقہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم کا سلسلہ مکمل کرنے کے بعدمسجد الحرام میں امامت اور خطابت کی ذمہ داریاں نبھانی شروع کر دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ طائف یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسرکے طورپر بھی تدریسی خدمات انجام دیتے رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں