ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے مملکت میں اقامہ ہولڈرز کے داخلے پر پابندی ہٹا لی، پاکستان میں مقیم سعودی اور غیر مقیم سعودی اقامہ ہولڈرز بھی واپس جا سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے باعث پروازوں کی بندش کے باعث ہزاروں پاکستانی اپنے وطن میں ہی پھنس کر رہ گئے تھے، بالآخر کئی ماہ کے انتظار کے بعد ان پاکستانیوں کو خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔پاکستان میں مقیم سعودی اور غیر سعودی اقامہ ہولڈرز کو سعودی عرب میں واپسی کے لیے داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
اس ایڈوائزی میں کورونا سے بچاؤ کے لیے گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ جو پاکستانی سعودی عرب روانہ ہونا چاہتے ہیں، ان کا کورونا کا ٹیسٹ منفی ہونا لازمی ہے۔ان پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد سات روز تک قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔سعودی ایوی ایشن گاگا کی جانب سے کئی ماہ سے سعودی عرب واپسی کے منتظر پاکستانی اقامہ ہولڈرز کیلئے ایک خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔جس کے مطابق ان اقامہ ہولڈرز کو سعودی عرب واپسی کی اجازت ہوگی جن کے اقامے کی مدت ختم نہ ہوئی ہو۔ اس کے علاوہ اقامہ ہولڈر مسافروں کے لیے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم میں نئی شقیں شامل کی گئی ہیں، ایئر لائنز کو سعودی عرب پرواز سے قبل ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم پر کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ مسافروں اور ائیرلائن کیلئے جاری ہدایات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں مسافر کو 2 سال قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ جبکہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائن کیخلاف بھی کاروائی عمل میں لا کر ان پر جرمانے کیے جائیں گے۔