ابوظہبی(نیوز ڈیسک)کورونا وبا کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران نے کئی اماراتی بینکوں کو شدید معاشی بحران کا شکار کر دیا ہے۔ بہت سے بینک سرمایہ کاری کی سرگرمیاں کم ہونے کی وجہ سے سینکڑوں ملازمتیں ختم کر چکے ہیں اور درجنوں برانچز بھی بند کر دی گئی ہیں۔ معاشی بحران سے متاثر ہونے والوں میں ایمریٹس NBD، ADCB اور راس الخیمہ بینک جیسے بڑے بینک بھی شامل ہیں۔خصوصاً ریٹیل آپریشنز پر انحصار کرنے والے بینک منافع کی شرح کم ہونے سے خاصی مشکلات میں گھر گئے ہیں۔ جولائی کے ماہ میں ایمریٹس NBDنے آٹھ سو ملازمین کو فارغ کیا ہے اور مزید ملازمین کو بھی
فارغ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ ADCB نے بھی اس ماہ چار سو ملازمین کو فارغ خطی دے دی ہے۔ کئی چھوٹے بینک ملازمین فارغ کرنے کے علاوہ برانچز بھی بند کر چکے ہیں۔ایک اماراتی بینک نے اپنی سات اور دوسرے بینک نے نو برانچزبند کر دی ہیں۔ تجارتی سرگرمیاں گھٹ جانے کے باعث شرح سُود سے ہونے والی آمدنی بھی متاثر ہوئی ہے۔ لوگوں کی جانب سے خراب معاشی حالات کے باعث بینکوں کو ادائیگیاں نہیں کی جا رہیں۔ بینکوں کو ماہانہ اقساط اور کریڈٹ کارڈز بل کی ادائیگیاں بھی پوری طرح نہیں ہو رہیں۔ اس صورت حال میں کئی بینکوں نے اپنی پالیسیاں بدلنے پر غور شروع کر دیا ہے۔متعدد بینکوں کا سالانہ منافع پچھلے سال کے مقابلے میں 45 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔ جبکہ فرسٹ ابوظبی بینک، ایمریٹس این بی ڈی اور دُبئی اسلامک بینک کو رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 25 فیصدکم منافع ہوا ہے۔ابوظبی کمرشل بینک کو بھی سال کے پہلے چھ ماہ کے منافع میں 48 فیصدکی کمی ہوئی ہے۔