پنکچر لگانے والے غریب شہری کے اکائونٹ سے اربوں کی ٹرانزیکشن، ریونیو ڈپارٹمنٹ نے نوٹس بھیج دیا

فیصل آباد(نیوز ڈیسک)فیصل آباد میں ان لینڈ ریوینو ڈیپارٹمنٹ نے سائیکل کا پنکچر لگانے والے شخص کو 80 لاکھ روپے ٹیکس کا نوٹس جاری کردیا ۔ تفصیلات کہ مطابق ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے اربوں کی چینی خریدنے پر سائیکل کا پنکچر لگانے والے کو 80 لاکھ روپے ٹیکس کا نوٹس بھیجا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق چک نمبر 238 ر ب اعوان والا تحصیل و ضلع فیصل آباد صدر کا رہائشی محمد امتیاز ولد نزیر احمد کمہار اپنے گاؤں میں سائیکل اور موٹرسائیکل کو پنکچر لگا کر اپنے چھوٹے پانچ بہن بھائیوں کی کفالت کرتا ہے۔گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو لاہور پنجاب کی طرف سے دس صفحات

پر مشتمل اسے ایک نوٹس بذریعہ ڈاک ملا ہے جس میں اسے 80 لاکھ 4 روپے ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔محمد امتیاز نے بتایا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں لکھا ہے کہ آپ نے آٹھ جون کو ہُنزہ شوگر ملز لمیٹڈ گوجرہ سے اربوں روپے مالیت کی چینی خریدی ہے جس پر آپ نے ٹیکس نہیں دیا اور اس سے پہلے بھی آپ بڑے عرصہ سے کھربوں روپے کا شوگر ملز میں کاروبار کر رہے ہیں اور نان فائلر ہیں۔پنکچر لگانے والےمحمد امتیاز نے بتایا ہے کہ انہوں نے کبھی کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں کھلوایا اور نہ ہی بینک کے ساتھ کوئی لین دین کیا، حتیٰ کہ میں نے زندگی میں بینک کا چیک بھی نہیں دیکھا۔ محمد امتیاز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ میرا شناختی کارڈ استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اسی لاکھ روپے کے ٹیکس سے میری جان چھڑوائی جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کئی بے نامی اکاؤنٹس سے اربوں کی ٹرانزیکشن کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جن کے بارے میں نیب میں تحقیقات جاری ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں