فیصل آباد میں کمسن بچی پر تشدد کرنیوالاملزم گرفتاری کے وقت مسکراتا رہا

فیصل آباد(نیوز ڈیسک)معاشرے کی بے حسی کی جیتی جاگتی مثال، فیصل آباد میں بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتاری کے وقت مسکراتا رہا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منیر نامی شخص کے بچے ہمسایوں کے گھر مور دیکھنے گئے تھے۔ہمسایوں کے گھر منیر کے بچوں کا جھگڑا ہوا جس کے بعد منیر، اس کی اہلیہ اور بیٹے نے بعد میں 12 سال کی گھریلو ملازمہ پر تشدد کیا۔ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی ملزمان کے پڑوس میں کام کرتی ہے۔

پولیس نے ملزم منیر کو گرفتار کر لیا تاہم اس کی گرفتاری کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس نے ملزم کو ہتھکڑی نہیں لگائی، رانا منیر نامی ملزم اپنی ہی گاڑی میں آرام سے تھانے پہنچا۔جبکہ واقعے میں ملوث خواتین تاحال گرفتار نہ کی جا سکیں۔بجی جس گھر میں ملازمہ تھی، انہوں نے پڑوسیوں سے ساز باز کرکے بچی کو والدین کے پاس بھیج دیا اور تشدد کا معاملہ رفع دفع کردیا۔ تشدد کرنے والے خاندان نے الزام عائد کیا کہ اس واقعہ سے قبل ان کے بچے دوسرے گھر میں مور دیکھنے گئے تھے۔ ملازمہ نے ان کو مور دیکھنے سے روکا اور مارا پیٹا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمسن بچی پر تشدد گھر کے سامنے سڑک پر ہوتا رہا اور وہاں سے لوگ بھی گزرتے رہے مگر کسی نے مداخلت نہیں کی۔ ملزمان نے ملازمہ کو گھر سے نکال کر تھپڑ اور لاتیں ماری۔ بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسيٹا۔ تھپڑ اتنے زوردار تھے کہ بچی کئی بار زمین پر گری اور پوری فیملی باری باری بچی کو مارتی رہی۔ویڈیو سوشل میڈیا پر چلنے کے بعد شہریوں نے اس پر غم و غصے کا اظہار کیا اور ملزمان کے ساتھ حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے حرکت میں آکر مقدمے کے اندراج کے لئے تھانہ مدینہ ٹاون میں درخواست دے دی جبکہ آئی جی پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کے مطابق انہیں بچی پر تشددکی کال اور ویڈیو موصول ہوئی تھی۔

موقع پر گئے مگر بچی وہاں سے موجود نہیں تھی۔ وہ تاحال لاپتہ ہے۔ بچی کے گھروالوں کا بھی ابھی علم میں نہیں۔ بچی جن کے گھر کام کرتی تھی وہ بھی گھر پر موجود نہیں۔پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل کے نوٹس لینے پر فیصل آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد کرنے والے پڑوسی رانا منیر کو گرفتار کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں