نیتن یاہو نے بحرین کے دورے کا اعلان کردیا

منامہ(نیوز ڈیسک) اسرائیل کے وزیراعطم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد بحرین کا دورہ کریں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وزیراعطم نیتن یاہو کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد بحرین کا دورہ کریں گے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائرل ہونے والے ویڈیو پیغام میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ان کی بحرین کے کراؤن پرنس سے سلمان بن حماد آل خلیفہ سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے جو نہایت دوستانہ تھی۔بحرین کے کراؤن پرنس سلمان بن حماد آل خلیفہ اس وقت وزیراعظم بھی ہیں۔ انہیں کچھ دن قبل یہ منصب تفویض کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مبینہ دورہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل کی وزارت صحت نے سعودیہ کو کورونا وائرس کی ‘سبز’ لسٹ میں شامل کر لیا۔اس فہرست میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں سے واپس آنے والے افراد کو قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑتا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کو ایک روز قبل محفوظ ممالک والی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا تاہم اس کا بینجمن نیتن یاہو کے دو روز قبل سعودی شہر نیوم کے مبینہ دورے سے تعلق ہونے کی نفی کی۔اسرائیلی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی نے سرکاری نشریاتی ادارے ‘کان’ کو بتایا کہ ‘یہ عمل بہت سادہ ہے جو ہر دو ہفتے بعد ایک بار ہوتا ہے’۔انہوں نے کہا کہ پچھلی فہرست میں سعودی عرب سرخ ممالک میں شامل تھا تاہم اب وہاں مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے اس لیے اسے اب سبز ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے اور اس کا کسی بھی ملک میں کسی کے بھی دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں