بہادر اے ایس آئی محمد بخش پر عوام نے انعامات کی بارش کردی

کراچی (نیوز ڈیسک)صوبہ سندھ کے شہر کشمور میں 4 سالہ بچی کو درندوں سے چھڑانے والے اے ایس آئی محمد بخش کو انعام و کرام کی سے نوازے جانے کا سلسلہ جاری ہے ، کراچی کے شہریوں کی طرف سے بھی بہادر پولیس افسر کو بے پناہ تحائف دیے گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی ویسٹ زون پولیس نے اے ایس آئی محمد بخش کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد کی ، جس میں پارلیمنٹیرین ، تاجروں ، سیاسی و سماجی رہنماؤں ، پولیس ملازمین اور دیگر شہریوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی ، تقریب میں موجود شہریوں نے پولیس افسر اور ان کے اہل خانہ کو دل کھول کر تحائف دیے ،

اس دوران تقریب میں موٹر سائیکل کے علاوہ ملبوسات اور دیگر اشیاء کے بھی ڈھیر لگ گئے۔بتایا گیا ہے کہ اے ایس آئی محمدف بخش کی بچی کی شادی کیلئے تاجروں کی ایسوسی ایشن نے فرنیچر اور جہیز دینے کے اعلانات بھی کیے جب کہ اس تقریب میں شہریوں نے محمد بخش کو 13 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد کے نقد انعامات بھی دیے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ویسٹ زون عاصم قائم خانی نے تقریب کے اختتام پر جمع کیے گئے تحائف اور نقد انعامات اے ایس آئی اور ان کی فیملی کو پیش کیے۔ڈی آئی جی عاصم قائم خانی نے اے ایس آئی کو کیش انعامات سے بھرا بریف کیس پیش کیا جبکہ اسے تحفے میں دی گئی موٹر سائیکل پر بٹھا کر ساتھ تصویر بھی بنائی۔ڈی آئی جی ویسٹ زون عاصم قائم خانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یاد ہے کہ ایک کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران جاوید میاں داد نے چھکا مارا جو دنیا فراموش نہیں کر سکی اور محمد بخش نے جو پولیس محکمے کیلئے چھکا مارا ہے وہ بھی یاد رہے گا۔ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی نے کہا کہ اے ایس آئی محمد بخش نے اپنی فیملی کی زندگی داؤ پر لگا کر معصوم بچی کو بچایا، آج اے ایس آئی کراچی کی عوام کے مہمان ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں