جی بی 2میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں پی ٹی آئی رہنما کامیاب قرار

گلگت (نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں گزشتہ شب ہارنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں جیت گئے۔جی بی 2 گلگت کے نتیجے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔ رات گئے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے جمیل احمد کو مخالف امیدوار پر برتری حاصل تھی۔جمیل احمد نے 6848 ووٹ، پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان 6229 ووٹ اور مسلم لیگ (ن) کے حفیظ الرحمان نے 2100 ووٹ حاصل کیے تھے۔ تاہم اس حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی تو غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آج پی ٹی آئی کے فتح اللہ خان کو جمیل احمد پر دو ووٹ

کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ فتح اللہ خان کو 6696 اور جمیل احمد کو 6694 ووٹ ملے۔جمیل احمد کے مقابلے میں فتح اللہ خان کو غیر سرکاری طور کامیاب قرار دے دیا۔ جمیل احمد کی شکست پر رات گئے فتح کا جشن بنانے والے پیپلز پارٹی کے جیالے غصے سے بپھر گئے۔جیالوں کی بڑی تعداد ڈی سی آفس کےباہر سراپا احتجاج بن گئی جس کے باعث امن وامان قائم رکھنےکیلے رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے۔قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تمام غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے، جن کے مطابق پی ٹی آئی پہلی، آزاد امیدواروں نے دوسری اور پیپلز پارٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے انتخابات میں نون لیگ کے بیانیے کوعوام نے مسترد کردیا، الیکشن کمیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق انتخابات میں تحریک انصاف 10 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی مناسبت سے پیپلز پارٹی 3 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ دو نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 7 نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوئے جبکہ جبکہ ایم ڈبلیو ایم نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں