موسم سرما کی چھٹیاں، پنجاب حکومت نے اہم اعلان کردیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کورونا وائرس کے باعث موسم سرما کی چھٹیوں کی مخالفت کردی۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں مراد راس نے کہا کہ سب سے زیادہ کورونا ایس او پیز اسکولوں میں فالو ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب تک 117 اسکولوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، 16 اسکول سیل کیے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسکول بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ میری سمجھ کے مطابق موسم سرما کی چھٹیاں نہیں ہونی چاہئیں۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ پنجاب میںکورونا اور ڈینگی وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد جاری ہے۔اور ان سرگرمیوں کو بھی باقاعدگی

سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔اس کے ساتھ پولیو مہم میں بھی محکمہ سکول ایجوکیشن اٹک اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں ایک اور بیان میں وزیر تعلیم پنجاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا سے متعلق اس وقت صوبہ پنجاب میں ہنگامی صورتحال نہیں ہے ، پورے صوبے میں 2 سو سے زائد اساتذہ اور طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، لہٰذا یہ صورتحال خطرناک نہیں ہے ، اسی وجہ سے ہم موسم سرما میں کی جانے والی چھٹیوں کے حق میں بھی نہیں ہیں ، کیوں کہ پہلے ہی بہت زیادہ چھٹیاں ہوچکی ہیں ، لیکن اس کے باوجود دسمبر کے مہینے تک کوروناوائرس کی صورتحال کو دیکھنے کے بعد پھر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں