بھارت ہجرت کرنیوالے ہندوخاندان پاکستان واپس آنے لگے

حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت ہجرت کرنے والے دو ہندو خاندان امتیازی سلوک سے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان واپس لوٹ آئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 ماہ قبل میرپور خاص کے رہائشی 2 ہندو خاندان بھارت کی جانب ہجرت کر گئے تھے ۔بھارت جانے کے بعد وہاں پر پاکستانی ہونے کے باعث امتیازی سلوک کی وجہ سے دلبرداشتہ ہو کر واپس پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی مدد سے دونوں خاندانوں کو پاکستان پہنچا دیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور خاص پریم چند نے دونوں خاندانوں کا استقبال کیا ۔ ان کی واپسی پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پریم چند نے کہا ہے کہ ہندو خاندانوں کے وطن واپس آنے پر ان کا خصوصی خیال رکھیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں

خاندانوں کا تعلق کچی کوہلی قبیلے سے ہے اور یہ خاندان 8 ماہ پہلے بھارت ہجرت کر کے گئے تھے ۔ان کی واپسی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ان کا یہاں مکمل خیال رکھا جائے گا ۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوئی بھارت ہجرت کرنے والا ہندو خاندان امتیازی سلوک کے باعث پاکستان آیا ہو ۔ بھارت ہجرت کرنے والے کئی خاندان ناروا سلوک کے باعث وطن واپس آنا چاہتے ہیں ۔ بھارت میں ان کو ہندو نہیں بلکہ پاکستانی تصور کیا جاتا ہے اور ان کے ساتھ اچھوتا سلوک کیا جاتا ہے ۔ اس سے قبل بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جودھ پور میں 11 پاکستانی مہاجرین پراسرار طور پر مردہ پائے گئے تھے، جس کے بعد کئی خاندانوں نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں