ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر کمی، روپے کے مقابلے میں 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 6 ماہ کی کم ترین سطح پر گر کر 159.97 روپے پر آگیا۔دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس میں 1368 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1368 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 480 کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 190 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ 2 ملین ڈالر گرانٹ کا معاہدہ کیا ہے۔گزشتہ روز سیکریٹری اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک گرانٹ کورونا ایمرجنسی رسپانس پروگرام کے تحت دے گا۔گرانٹ ہیلتھ ورکرز کی تربیت اور بائیو سیفٹی لیب کے قیام کےلیے استعمال ہوگی۔ معاہدے کے بعد سیکریٹری اقتصادی امور نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے گرانٹ کے مشکورہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں