آرمینیا کیخلاف جنگ میں بڑی کامیابی، آذری صدر نے فتح کا اعلان کردیا

باکو(نیوز ڈیسک) آرمینیا کیخلاف جنگ، آذربائیجان نے بڑی فتح حاصل کر لی، آذری فوج ناگورنو قراباغ کے مزید علاقے آزاد کروانے میں کامیاب، 90 کی دہائی کے بعد پہلی مرتبہ آذربائیجان کا پلڑہ بھاری۔ تفصیلات کے مطابق آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ناگورنو قراباغ کے حصول کیلئے جاری جنگ مزید شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ہر گزرتے دن کیساتھ آذربائیجان کی فوج کا پلڑہ بھاری ہو رہا ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے اپنے ملک کی بڑی فتح کا اعلان کیا ہے۔ الہام علییف نے بتایا ہے کہ ان کے ملک کی فوج نے مزید آٹھ دیہات قابض فوج سے آزاد کرالیے ہیں۔

اس اعلان کے بعد آذری صدر نے نعرہ بلند کیا کہ، آذربائیجان افواج زندہ باد، کارا باخ آذربائیجان کا ہے۔اس فتح کے علاوہ آذربائیجان کے شہری علاقوں پر حملے کے بعد آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کے علاقوں میں گھس کر عسکری تنصیبات کو نشانہ بھی بنایا۔جن عسکری تنصیبات سے آذربائیجان کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، ان تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ آرمینیا نے بھی آذربائیجان کے حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری نقصان کی تصدیق کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بھی شدید جھڑپیں ہوئی تھیں اور آذر بائیجان کی فوج کے خلاف لڑائی میں متنازع علاقہ ناگورنو قراباغ میں آرمینیا کے حمایت یافتہ 45 فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔اس علاقے 27 ستمبر سے جاری لڑائی میں اب تک 525 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ان کے علاوہ اس لڑائی میں 25 شہری مارے گئے ہیں اور ایک سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔قراباغ کی علاقائی فوج کو آرمینیا کی مسلح افواج کی حمایت حاصل ہے۔ ناگورنوقراباغ کا علاقہ بین الاقوامی قانون کے تحت آذربائیجان کا ملکیتی ہے جبکہ آرمینیا اس کو وہاں آرمینیائی نسل کے باشندوں کی اکثریت کی وجہ سے اپنا علاقہ قرار دیتا ہے۔اس کی آبادی ڈیڑھ لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ نوے کے عشرے کے بعد پہلی مرتبہ آرمینیائی نسل کے اس خود مختار علاقے اور آذربائیجان کی فورسز کے درمیان خونریز جھڑپیں ہورہی ہیں اور وہ ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے گولہ باری کررہے ہیں۔ 1991 میں سابق سوویت یونین کے انہدام کے بعد آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان 1990 کے عشرے سے اس

علاقے پر تنازع جاری ہے۔1994 میں دونوں ملکوں میں جنگ بندی کا ایک سمجھوتا طے پایا تھا مگر اس کے باوجود اپریل 2016 میں دوبارہ قراباغ میں لڑائی چھڑ گئی تھی۔ عالمی برادری متنازعہ علاقے کو آج بھی آذر بائیجان کا حصہ سمجھتی ہے۔ کوہ قفقاز (کاکیشیا)پر واقع ناگورنو قراباغ کا علاقہ 44 سو مربع کلومیٹر پرپھیلا ہوا ہے۔یہ آرمینیا کی سرحد سے 50 کلومیٹر دور واقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں