ہراسانی کاجھوٹا الزام لگانے والی خاتون حمنہ رضا نےمعافی مانگ لی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا بے بنیاد الزام لگانے والی فیشن بلاگر حمنہ رضا نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علی ظفر پر جھوٹا الزام ایک غلط فہمی کی بنیاد پر لگایا۔حمنہ رضا نے ایک معافی نامے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے علی ظفر سے معذرت کی، حمنہ کے مطابق 19 اپریل 2018ء کو میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات کے بعد انہوں نے بھی ان کی تائید میں ٹوئٹس کئے اور اداکار پر جھوٹے الزامات لگائے۔حمنہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ٹوئٹس میں کہا تھا کہ بطور مداح میں نے علی ظفر کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے کچھ غیر آرام دہ محسوس کیا،

اپنے اس ٹوئٹ کی وضاحت میں انہوں نے لکھا کہ اس وقت میں کچھ الجھاؤ کا شکار تھی اور غلط فہمی کی بنیاد پر میں نے وہ ٹوئٹ کیا۔فیشن بلاگر نے لکھا کہ ’میری اس لاپرواہی نے اداکار کی ساکھ کو متاثر کیا، انہیں ذہنی پریشانی میں مبتلا کیا اور اہل خانہ کو بھی تکلیف پہنچی جس کے لیے میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔‘حمنہ رضا نے لکھا کہ آئندہ وہ سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارم پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے سے گریز کریں گی۔اپنے پیغام کے آخر میں حمنہ نے علی ظفر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔علی ظفر نے حمنہ کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پبلک پلیٹ فارم پر یوں برملا معافی مانگنا عام طور پر کمزوری کی علامت سمجھا جاتا ہے حالانکہ یہ باہمت اور خوبصورت لوگوں کا فعل ہے۔گلوکار نے بھی حمنہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مبینہ مہم پر 9 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ملزمان میں گلوکارہ میشا شفیع، حمنہ رضا سمیت 9 ملزمان شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں