وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سرکاری تصاویر جاری کردی گئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سرکاری تصاویر جاری کردی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی ویب سائیٹ پر خاتون اول بشریٰ بی بی کی 2 تصاویر جاری کی گئی ہیں ، جہاں ایک تصویر میں انہوں نے سفید رنگ کی چادر اوڑھ رکھی ہے ، جب کہ دوسری تصویر میں خاتون اول بشریٰ بی بی سیاہ رنگ کی چادر میں ملبوس ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ ان تصاویر کو جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جہاں کہیں بھی خاتون اول کی تصاویر استعمال کرنا مقصود ہو تو سرکاری طور پر جاری کی گئی ان 2 تصاویر کو ہی بروئے کار لایا جائے ۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے شادی کی تصاویر میں بشریٰ بی بی نے حجاب لے رکھا تھا ، جب کہ بشریٰ بی بی نے نکاح کے موقع پر بھی حجاب اپنے منہ پر اوڑھ رکھا تھا اسی بنا پر ان کا چہرہ بھی نہیں دیکھا جا سکا تھا ، جس کے بعد سے کئی خواتین کی تصاویر کو بشریٰ بی بی سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا جس کی بعد ازاں تردید بھی کی گئی ، اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اب باقاعدہ سرکاری طور پر وزیراعظم آفس کی ویب سائیٹ پر خاتون اول بشریٰ بی بی کی 2 تصاویر جاری کی گئی ہیں ۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی روحانی پیشوا بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی تھی ، نکاح کی اس سادہ تقریب میں دونوں طرف سے صرف قریبی دوست احباب ہی شریک ہوئے تھے ، نکاح کی رسم انتہائی سادگی سے بشریٰ بی بی کی دوست کے گھر منعقد کی گئی ، جس کے بعد 25 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے قریبی دوست احباب اور پارٹی رہنماؤں کو دعوت ولیمہ پر بھی مدعو کیا ، اور اس موقع پر بشریٰ بی بی سے سب کا تعارف بھی کروایا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں