اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا کر لیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش سیکٹر میں نامعلوم افراد نے افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی صاحبزادی کو اغوا کر لیا۔ٹریبیون میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کو اغوا کیا گیا تھا تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ اپنے گھر واپس لوٹ چکی ہیں۔اسلام آباد میں قائم افغان سفارتخانے اور افغان وزارت خارجہ نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔افغان وزارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ سلسلہ علی خیال کو کئی گھنٹے تک اغوا کیے رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔کابل نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے اور پاکستان میں اپنے سفیر

کے اہلخانہ کی سلامتی اور حفاظت پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے افغان سفیر کی بیٹی کا اسپتال میں میڈیکل بھی کرایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سلسلہ علی خیال کا بیان بھی پولیس نے ریکارڈ کر لیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کی کوشش پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہدایت کی ہے کہ 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ اغواکاروں کوپکڑنے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ترجیحی بنیادوں پر واقعے کی تحقیقات کریں اور 48 گھنٹوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے حقائق سامنے لائیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد پر پاکستان کے دفتر خارجہ کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔اس ضمن میں ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزافغان سفارتخانے نے اطلاع دی تھی کہ افغان سفیرکی بیٹی پر کارمیں سوار ہوتے وقت حملہ کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی اطلاع پر فوری طور پہ کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ وزارت خارجہ اور سیکیورٹی حکام سفیر اور ان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ وزارت خارجہ اورسیکیورٹی حکام اس معاملے میں مکمل تعاون بھی فراہم کررہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ملزمان کا سراغ لگانے اورانہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ افغان سفیر اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں