امان اللہ یاسین زئی کا استعفیٰ منظور، نئے گورنر بلوچستان کا نام سامنے آگیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدر عارف علوی نے گورنر بلوچستان جسٹس(ر) امان اللہ یاسین زئی کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے سید ظہور احمد آغا کو نیا گورنر مقرر کردیا ہے۔یاد رہے کہ گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسین زئی نے گورنر بلوچستان کا عہدہ چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے بطور گورنربلوچستان اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا، جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمرا ن خان کی جانب سے

گورنر بلوچستان سے استعفیٰ طلب کیا گیا تھا ، جس کے لیے 30 اپریل 2021 کو وزیراعظم نے گورنر بلوچستان کو خط لکھا ، عمران خان کی جانب سے خط میں گورنر بلوچستان امان اللہ خان سے مستعفی ہونے کا کہا گیا ، خط میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں ، اس لیے درخواست ہے کہ آپ مستعفی ہو جائیں، کیوں کہ سیاسی حالات کا تقاضا ہے کہ کسی نئے شخص کو گورنر مقرر کیا جائے ، آپ کی کارکردگی پر کوئی منفی تاثر نہیں رکھتا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پھیلاؤ کے باعث ملاقات نہیں ہورہی ، اس لیے خط لکھ کر آپ کو آگاہ کررہا ہوں ، آپ کا استعفیٰ موصول ہونے پر نیا گورنر بلوچستان جلد تعینات کردیا جائے گا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نئے گورنر کی تعیناتی کیلئے مختلف ناموں پر مشاورت شروع کردی ہے ، حکومتی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی نے گورنر کے عہدے کے لیے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام فائنل کیا ہے جب کہ نئے گورنر کیلئے تحریک انصاف کے ظہور آغا ، ڈاکٹر فیض کاکڑ اور سعید مندوخیل کے نام زیرغور ہیں تاہم تحریک انصاف کے ظہور آغا نئے گورنر بلوچستان کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں