مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے،بشریٰ انصاری کا وائرل ڈانس ویڈیو پر ردعمل

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کا اپنی وائرل ڈانس ویڈیو پر تنقید کے حوالے سے پر ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں گزشتہ 3 ماہ سے شدید غم کی کیفیت میں مبتلا تھی اور یہ نقصان ہمارے دلوں میں آخری سانس تک رہے گا، 2 روز قبل فیملی میں ڈھولکی تھی، میرے سارے دوستوں نے مجھ سے اصرار کیا کہ اپنی پریشانی کو ختم کروں، یہ ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی کے پہلے پوتے کی تقریب تھی اور وہ میرے لیے بڑی بہنوں اور ماں جیسی ہیں، میں نے صرف ان کی خوشی میں شرکت کی

خاطر 2 منٹ کیلئے اپنے بیٹے (گلوکار) اذان سمیع کے ہمراہ ڈانس کیا، مجھے اس ویڈیو پر لوگوں کا ردعمل دیکھ کر شدید دکھ ہوا، لوگ ہمیں صرف افسردہ دیکھنا چاہتے ہیں، خاص طور پر جب آپ عمر رسیدہ ہوچکے ہوں۔اداکارہ نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ لوگوں کو اپنی ٹرولنگ اور تنقید سے دکھ پہنچانا بند کریں، اسلام میں اس کی اجازت نہیں ہے ، میں آپ لوگوں کو ایک بات واضح کردوں کہ زندگی میں سب سے اچھا وقت یہ ہی ہوتا ہے جب آپ اپنے تمام تر فرائض سے فارغ ہوچکے ہوتے ہیں ، میری عمر 60 سال سے زائد ہے اور مجھے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے، بڑوں کو یہ احساس دلانا کہ ان کی عمر ہوچکی ہے اور انہیں خوش رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، انتہائی بیکار ہتھیار ہے جو کہ میری سمجھ سے باہر ہے، بچے کیوں ہماری عمر کے افراد سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں؟ واضح رہے کہ اداکارہ بشری انصاری ڈانس ویڈیو وائرل ہونے پر تنقید کی زد میں آگئیں ، حال ہی میں سوشل میڈیا کے مختلف پیلٹ فارمز پر معروف اداکارہ بشری انصاری کی ڈانس ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ بھارتی گانے پر اذان سمیع خان کے ساتھ ڈانس کر رہی ہیں ، ویڈیو وائرل ہوتے ہیں سوشل میڈیا صارفین نے بشری انصاری کو خوب آرے ہاتھوں لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں