میں انشاء اللہ وزیراعظم پاکستان بنوں گا،عامر لیاقت حسین نے دلی خواہش کا اظہار کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے وزیراعظم پاکستان بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ اردوپوائنٹ کو انٹرویوکے دوران جب میزبان فرخ شہباز وڑائچ نے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سے سوال کیا کہ آپ نے کالم بھی لکھے ، ڈراموں میں بھی کام کرلیا اور طویل عرصے سے ٹی وی پروگراموں کی میزبانی بھی کر رہے ہیں اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے رکن بھی ہیں آخر اپنے آپ کو کہلوانا کیا چاہتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں عامر لیاقت حسین نے بے ساختہ جواب دیا کہ وزیراعظم پاکستان! انشاءاللہ کبھی نہ کبھی تو بنوں گا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا یہ آپ کی خواہش ہے؟ تو اس کے جواب میں معروف ٹی وی میزبان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان بننے کی میری یہ خواہش اس لیے ہے کیوں کہ میں کچھ چیزیں ٹھیک کرنا چاہتا ہوں ، الگ سے ضد میں آکر ٹھیک نہیں کرنا چاہتا بلکہ سب کے ساتھ مل کر ٹھیک کرنا چاہتا ہوں۔اینکر فرخ شہباز وڑائچ نے جب پی ٹی رکن قومی اسمبلی سے ان کی شادیوں سے متعلق سوال کیا تو اس پر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ پہلی شادی تو سب ہی کرتے ہیں اس کا تو سوال ہی نہیں کرنا چاہیئے جب کہ دوسری شادی ہمارے معاشرے میں ایک جرات کی بات ہے ، اگر ایک آدمی 20 سال بعد دوسری شادی کر رہا ہے تو کسی شوق سے تو نہیں کر رہا ہوگا ، اب میں کیا جواب دوں اس بات کا ، وہ میری بیوی تھیں جس کی بنیاد پر میں ان کی عزت کرتا تھا ، کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا اور میاں بیوی ایک دوسرے کا لباس ہوتے ہیں ، تو میری پہلی بیوی بشریٰ بہت اچھی تھیں ، بہت اچھی ہیں جو دین کا علم بھی جانتی ہیں اور سب چیزیں کرتی ہیں ، اس لیے میں ان کے خلاف کوئی بات نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ دوسری اہلیہ بھی میرا لباس ہیں اگر کوئی سوچے کہ میں اپنی بیوی کے خلاف کوئی بات کروں گا یو کوئی تہمت لگاؤں گا میں زندگی بھر ایسا نہیں کروں گا ، میری کسی بھی قسم کی تیسری شادی نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں