ن لیگ نےنواز شریف کی واپسی کا مشروط اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر نوازشریف کی مشروط واپسی کا اعلان کردیا ، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ نواز شریف ہی ملک کا مسئلہ ہیں تو ہم واپس بلا لیتے ہیں ، نواز شریف کا علاج نہیں چل رہا ہو تو وہ واپس آجائیں گے، ان کی صحت یابی کے لیے 3 آپریشن ضروری ہیں ، جس کی وجہ سے ہم نے کہا نواز شریف کی زندگی کی گارنٹی دیں گے تو وہ کل آجائیں گے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہئے ن لیگی رہنماء و سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو مفرور قرار دیا گیا ہے ان کی سزائیں بحال ہیں،

وہ واپس آئیں گے تو اپنے کیسز کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمان میں بتاتے کہ بائیڈن نے اڈے مانگے میں نے انکار کیا، امریکا نے اڈے مانگے ہی نہیں تو انکار کیسے کررہے ہیں کیون کہ وزیراعظم نے تو نہیں بتایا کہ امریکا نے اڈے مانگے ہیں ، وزیر خارجہ نے بھی پارلیمان میں نہیں بتایا کہ ایسا کچھ مانگا گیا ہے، حکومت کو چاہیئے تھا کہ امریکا نے اڈے مانگے ہیں تو پارلیمان میں اعتماد میں لیتے، حکومت معاملہ پارلیمان میں لاتی تو ہم حقائق کو دیکھ کر جواب دیتے۔شاہد خاقان نے کہا کہ معاشی حالات اتنے خراب ہوگئے کہ بجٹ بنا ہی نہیں سکتے ، تاریخ کا پہلا بجٹ ہے وزیر خزانہ نے ریلیف دینے کی بات تک نہ کی، شوکت ترین بجٹ میں یہ تک نہ کہہ سکے کہ مہنگائی کنٹرول ہوگی، بجٹ میں اتنی کوتاہیاں ہیں کہ رقم پوری ہی نہیں ہوسکتی ، بجٹ کے اہداف پورے کرنے کے لیے حکومت نے اقدامات نہیں اٹھائے، حکومت کو نئے ٹیکس لگانے ہوں گے پھر بجٹ اہداف پورے ہوں گے جب کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو اسمبلی میں بولنے نہیں دیا گیا، کمیٹی میں موجودگی الگ اور بولنے کی اجازت دینا الگ ہوتا ہے، کمیٹی میں شامل لوگوں نے بل پر تحفظات تحریری دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں