عمران خان کلبھوشن کو خود این آر او دیدیں، پیپلزپارٹی سہولت کار نہیں بنے گی‘بلاول بھٹو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)عمران خان کلبھوشن کو خود این آر او دیدیں، پیپلزپارٹی سہولت کار نہیں بنے گی، بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق سینیٹ میں بل پیش، پیپلزپارٹی نے بل کی مخالفت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کلبھوشن یادیو سے متعلق بل کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو عمران خان خود دے دیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک شخص کے لیے چور دروازے سے رات کے اندھیرے میں آرڈیننس تیار کیا گیا۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ اب حکومت کلبھوشن سے متعلق بل پارلیمان میں لا رہی ہے۔

انہوں ںے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کلبھوشن سے متعلق بل کی مخالفت میں ووٹ دے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کلبھوشن یادیو سے متعلق بل پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا۔انہوں ںے واضح طور پر کہا کہ پیپلز پارٹی کلبھوشن یادیو کے معاملے میں سہولت کار نہیں بنے گی۔واضح رہے کہ سینیٹ(ایوان بالا) میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سےمتعلق عالمی عدالت انصاف نظر ثانی و غوروفکر بل پیش کردیا گیا ہے۔وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے بل ایوان میں پیش کیا، اپوزیشن کی جانب سے عالمی عدالت انصاف نظرثانی و غوروفکر بل کی مخالفت کی گئی، چیئرمین سینیٹ نے بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کردیا۔بل میں کہا گیا ہےکہ جہاں عالمی عدالت انصاف غیرملکیوں کےحقوق سے متعلق حکم جاری کرے وہاں ہائی کورٹ کے پاس نظرثانی اور دوبارہ غورکا اختیار ہوگا، متاثرہ غیر ملکی خود یانمائندے کےذریعے ہائی کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائرکرےگا۔بل کے مطابق متاثرہ غیرملکی مشن کونسلر کے ذریعے یاسیکرٹری قانون کےذریعے بھی ہائی کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائرکرسکےگا، درخواست پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت ملٹری کورٹ کی جانب سے سزا یا حکم سزا کےحوالے سے ہوگی۔نظرثانی یا دوبارہ غورکی درخواست ملٹری کورٹ کے حکم کے 60 دن کے اندر دائر ہوگی، ہائی کورٹ معائنہ کرے گا کہ کیاغیر ملکی شہری سےحق دفاع،حق شہادت،منصفانہ مقدمے اور کونسلررسائی سے انکار کے حوالے سے تعصب تو نہیں برتا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں