رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود باہر بھیج دیا، یہ کیسا مذاق ہے، بلاول بھٹو

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود بیرون ملک بھیج دیا جاتا ہے ، رائیونڈ کے وزیراعظم لندن میں بیٹھے ہیں ، یہ کس قسم کا احتساب کا نظام ہے، یہ کیا مذاق ہے ، وزیراعظم کی بہن پر الزام لگے تو کچھ نہ ہو، یہ کس قسم کا ایک پاکستان ہے؟۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود بیرون ملک بھیجا جاتا ہے، وزیراعظم کے دوستوں پر الزام لگے تو وہ جیل نہیں جاتے, آپ عوام کے نشانے پر ہیں، قائد حزب اختلاف پنجاب سے ہو تو ضمانت مل جاتی ہے ،

قائد حزب اختلاف سندھ سے ہو تو جیل میں ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کا احساس ہی نہیں ہے، وزیراعظم کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں، حکومت پاکستان کو عام آدمی کا پتہ ہی نہیں ہے، عام پاکستانی دکھ اور مشکلات سے گزر رہا ہے، غربت اور بے روزگاری تاریخ کی انتہا کو پہنچ چکی ہے ، وزیراعظم ، وزرا، ترجمان معیشت پر بیان بازی کر رہے ہیں، ہمارے وزیراعظم ترقی کا ڈھول پیٹ رہے ہیں، جس وزیراعظم نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑے وہ کہتے ہیں ملک ترقی کر رہا ہے، کہتے ہیں جی ڈی پی میں اضافہ ہوا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری تاریخ کی انتہا کو پہنچ چکی ہے، عام آدمی کا دن گزشتہ روز سے زیادہ برا ہوتا ہے، ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں ملک ترقی کر رہا ہے، ان کے اے ٹی ایمز کیلئے مشکل وقت ضرور ختم ہوا ہو گا، امید ہے بجٹ کے بعد آئی ایم ایف کے شکنجے سے نکل جائیں گے، ان لوگوں کوپتہ ہی نہیں پاکستان کے کیا حالات ہیں، شرح نمو کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں، آپ کشکول لے کر ہر ملک کیوں جا رہے ہیں، اب ہر ملک سے بھیک کیوں مانگ رہے ہیں؟آپ عرب ممالک جا کر بھیک کیوں مانگ رہے ہیں؟بجٹ پیش ہو گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں