افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے،کوروکمانڈر کانفرنس

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) پاک فوج کے کور کمانڈرز نے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی، علاقائی اور مقامی سیکیورٹی صورتحال بشمول لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر غور کیا گیا ۔کانفرنس نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین

پاکستان کیخلاف استعمال ہونے سے روکے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔ اجلاس میں افغان امن عمل میں پیش رفت اور اس کے پاک افغان سکیورٹی پر اثرات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ شرکاء نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپ دوبارہ سے سر اٹھا رہے ہیں اور افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہے ہیں، پاکستان نے علاقائی سیکیورٹی صورتحال میں مؤثر بارڈر کنٹرول منیجمنٹ کی ہے اور بارڈر کنٹرول کیلئے مؤثر اقدامات کر رکھے ہیں، افغانستان بھی بہتر منیجمنٹ کیلئے ضروری اقدامات کرے، اور اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، کے پی میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ سماجی و اقتصادی ترقی سے امن کے فروغ کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ آرمی چیف نے کورونا کی تیسری لہر کے دوران سول انتظامیہ کی بھرپور مدد پر فارمیشنز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان اقدامات سے وباء کے پھیلاؤ کے روک تھام میں مدد ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں