شہبازشریف روانگی معاملہ،بادی النظرمیں حکومت نے عدالتی فیصلے کی توہین کی، سپریم کورٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر بادی النظر میں حکومت نے توہین عدالت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپر یم کورٹ نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے دینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دوران سماعت جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دئے کہ شہباز شریف کی درخواست پر ہائی کورٹ کی 7 مئی کی مہر لگی ہے،

جس پر اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ مہر کے حساب سے تو درخواست دائر بھی اسی دن ہوئی جب حکم دیا گیا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اتنی جلدی میں سارا کام کیسے ہو سکتا ہے؟ انتہائی ارجنٹ درخواست پر چیف جسٹس کی باقاعدہ تحریر ہوتی ہے۔دوران سماعت جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے ہائیکورٹ سے درخواست واپس لے لی ہے، درخواست واپس ہونے پر وفاق کی اپیل کیسے سنی جا سکتی ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست واپس لینے کے حکم میں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا، شہباز شریف کی توہین عدالت کی درخواست زیرالتواء ہے، توہین عدالت درخواست کے ذریعے بیرون ملک روانگی کے فیصلے پر عمل کرایا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دوران سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ حکومتی اداروں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اقدام کیا، بادی النظر میں حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین کی۔ شہباز شریف رکن پارلیمان اور اپوزیشن لیڈر ہیں، تمام اراکین اسمبلی کا احترام ہے ، کیا شہباز شریف کو کوئی میڈیکل ایمرجنسی تھی جو اتنی جلدی سماعت ہوئی؟ جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ شہباز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت مسترد ہوئی تھی، ایسا کوئی ریکارڈ نہیں کہ شہباز شریف کو ایمرجنسی تھی، لاہور ہائیکورٹ نے تو وفاق کا مؤقف بھی نہیں سنا، بلکہ یکطرفہ حکم دے کر عملدرآمد کے لئے بھی زور دیا گیا،شہباز شریف بطور اپوزیشن لیڈر قابل احترام ہیں

لیکن انصاف قانون کے مطابق ملنا چاہئیے۔اٹارنی جنرل کا مؤقف سننے کے بعد سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کر لی، سپر یم کورٹ نے شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی کیس میں ہائیکورٹ سے ریکارڈ طلب اور مقدمے کے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں