کراچی میں ایک اور ضلع بنانے کا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے صوبے میں مزید دو اضلاع بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایک ضلع کراچی دوسرا خیر پور میں بنایا جائے گا، کراچی میں نیا ضلع کیماڑی ملحقہ علاقوں پر مشتمل ہوگا، کراچی کے باقی اضلاع کے نام بھی اہم شخصیات اور تاریخی مقامات سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں مزید دو اضلاع بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ایک ضلع کراچی دوسرا خیر پور بنایا جائے گا، خراچی ضلع کا نام کیماڑی رکھا جائے گا۔جس میں سائٹ بلدیہ ٹاؤن، ہاربر اور ماڑی شامل ہوں گے۔کابینہ اجلاس میں کراچی کے باقی چھ اضلاع کے نام بھی تبدیل

کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اضلا ع نام اہم شخصیات اور تاریخی مقامات سے منسوب کیے جائیں گے۔ضلع جنوبی کا نام صرف کراچی رکھا جائے گا۔ ضلع خیر پور کو بھی دو ڈسٹرکٹ میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔اسی طرح سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک اور ضلع بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیا ضلع کیماڑی اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل ہوگا۔ نئے ضلعے کا نام کیماڑی ڈسٹرکٹ رکھنے کی تجویز ہے۔ اس وقت کیماڑی اور ملحقہ علاقوں میں ضلع غربی آتے ہیں۔ کراچی ڈویژن میں نیا ضلع بننے سے ڈسٹرکٹ کی تعداد7 ہوجائے گی۔اس پر پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ پہلے ایم کیو ایم کے مہاجر صوبے کے نعرے کی وجہ سے پیپلز پارٹی سندھیوں کو ڈرا کر اپنے ساتھ جوڑتی تھی کہ سندھ ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا اور اب کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے نام پر وہی لسانی سیاست کر رہی ہے۔ سندھ بھر میں ہمارے سندھی بھائیوں کو کہا جا رہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے زیر انتظام دے کر سندھ کے ٹکڑے کیے جا رہے ہیں جبکہ ابھی تک وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی براہِ راست بیان اس سلسلے میں جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی نااہلی، کرپشن اور سندھ کی عوام کے ساتھ کی گئی حق تلفی کو اپنی لسانی سیاست میں چھپا کر اپنے اقتدار کو مزید طول دینا چاہتی ہے۔کراچی پہلے دارلخلافہ تھا اور 1970 میں انتظامی طور پر سندھ کا حصہ بنایا گیا۔ پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے کہتی آ رہی ہے کہ سندھ کی عوام کی مرضی کے خلاف لسانی آگ کو بھڑکا کر سندھ کی

تقسیم نہیں ہونی چاہیے لیکن کراچی کے مسائل کا انتظامی حل نکالنا بھی ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو اپنے تعصب کی عینک لگا کر چھ ٹکڑے کر دیا ہے۔سندھ کی تقسیم نامنظور ہے تو کراچی کی تقسیم بھی نامنظور ہے۔ پاک سرزمین پارٹی سندھ بھر میں اب یہ لسانی آگ نہیں لگنے دے گی۔ پاک سرزمین پارٹی سندھ بھر کی عوام کے لیے بہترین متبادل بن کر ابھری ہے جو کراچی سے کشمور تک ہر بچے، بوڑھے، نوجوان اور بزرگ کی آواز ہے، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے ہونگے اب یہ فرسودہ سیاست نہیں چلنے دیں گے جس کے ذریعے حکمرانوں نے عوام کے حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے پارٹی کے اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے پاکستان ہاس میں خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاک سرزمین پارٹی سندھ بھر میں نفرتوں کی آگ مٹانے اور حالات حاضرہ کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے سرگرمیاں تیز کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں