80سالہ سابق وفاقی وزیر نے کم عمر لڑکی سے شادی کرلی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے 80 سالہ سابق وفاقی وزیر سید افتخار گیلانی کی کم عمر دلہن کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر سید افتخار گیلانی نے اپنی پوتی کی عمر کی لڑکی سے شادی کر لی۔ انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق سابق وفاقی وزیر سید افتخار گیلانی نے خود سے 61 سالہ کم عمر لڑکی سے شادی کی اور ان کی دلہن اور ان کی عمر میں اتنا زیادہ فرق ہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

رپورٹ میں البتہ کسی مستند ذرائع کا دعویٰ نہیں کیا گیا لیکن یہ بتایا گیا کہ سید افتخار گیلانی کی شادی چند دن قبل ہوئی اور ان کی شادی کی تصاویر ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔سید افتخار گیلانی 1940ء میں پیدا ہوئے، جس حساب سے ان کی عمر 80 برس ہے۔ سید افتخار گیلانی کی شادی کے حوالے سے ٹوئٹر اور فیس بک پر کئی افراد نے کمنٹس کیے اور دعویٰ کیا کہ سابق وفاقی وزیر نے پوتوں اور پوتیوں کی عمر کی لڑکی سے شادی کی۔لکھاری اور سیلز ٹرینر اشرف چوہدری نے بھی افتخار گیلانی کی شادی کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ چھپ کر معاشقے کرنے سے سرعام شادی کرنا بہتر ہے۔انہوں نے لکھا کہ افتخار گیلانی نے 80 سال کی عمر میں شادی کی اور ساتھ ہی مداحوں سے اپیل کی کہ وہ جوڑے کو نئی زندگی کی مبارک باد پیش کریں۔افتخار گیلانی کی وائرل ہونے والی تصاویر میں انہیں دلہن کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔شادی کی خبریں اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد تاحال افتخار گیلانی یا ان کے اہل خانہ نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔خیال رہے کہ افتخار گیلانی نے 2011 میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کی تھی۔سید افتخار گیلانی پیپلز پارٹی کے بانی ارکان میں شمار ہوتے ہیں، وہ 1988 میں بینظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں قانون کے وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔اس سے قبل افتخار گیلانی کو ذوالفقار علی بھٹو کے انتہائی قریب دیکھا جاتا تھا، تاہم انہوں نے 11 سال قبل اپنی کئی سال کی سیاسی وفاداری تبدیل کرکے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں