گوادر اسٹیڈیم سے زیادہ خوبصورت کھیلوں کا مقام دکھائیں ، آئی سی سی کا چیلنج

لاہور (نیوز ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گوادرکرکٹ اسٹیڈیم کودنیا کا خوبصورت ترین اسٹیڈیم قراردے دیا۔آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر پر سحر انگیز گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر شیئر کی ہیں اور اس کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر سب کو چیلنج بھی دیا ہے کہ اگر اس طرح کا کوئی اور خوبصورت اسٹیڈیم ہے تو اس کی تصاویر کو سامنےلایا جائے۔آئی سی سی کے اس چیلنج کے بعدد فینز کیپ ٹاون سمیت دوسرے اسٹیڈیمز کی تصاویر شیئر کررہے ہیں۔ گزشتہ روز گوادرمیں کارریلی کی نمائش کے ساتھ کرکٹ میچ بھی تصاویر وائرل ہوئیں تو اس کی دھوم مچ گٗئی ہے۔پاکستان میں سکیورٹی حالات میں بہتری کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سمیت دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے

پاکستان پسندیدہ ترین ملک بنتا جارہا ہے۔معروف گلوکار فخرعالم نے بھی گوادراسٹیڈیم کی تصاویر و ویڈیو شیئر کی اور اپنے پیغام میں لکھا کہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ کھیلنے والے تمام دوست پاکستان آئیں اور گوادر کرکٹ اسٹیڈیم میں ہمارے ساتھ میچ کھیلیں۔تبریز شمسی نے کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز اور بھارت کے دھرم شالا کے بعد گوادر اسٹیڈیم کو اپنا تیسرا خوبصورت ترین پلیس قرار دیا۔ خیال رہے بلوچستان میں پہاڑوں اور سمندر کے ساتھ قائم یہ میدان دل کش نظارہ پیش کرتا ہے۔واضح رہے کہ گوادر اسٹیڈیم کے دنیا بھر میں چرچے ہیں۔ جبکہ شائقین کرکٹ کا بھی اس میدان سے خصوصی لگاؤ دیکھا گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے بھی اسے حیران کن قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں