ا مریکی صدر نے منصب سنبھالتے ہیں مسلم ممالک پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے بل پر دستخط کردیئے

واشنگٹن(این این آئی) جوبائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔ وائٹ ہاؤس پہنچتے ہی مسلم ممالک پر سفری پابندیاں ختم کرنے سمیت 15 ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے۔ امریکا میں وفاقی املاک پر ماسک لازمی پہننا قرار دیا، صدر بائیڈن نے پیرس ماحولیاتی معاہدے کی بحالی کے بل پر بھی دستخط کئے۔صدر جو بائیڈن نے امریکا کے 46 ویں صدر کا حلف اٹھانے کے فورا بعد 15 صدارتی حکم ناموں پر دستحظ کیے۔ ان حکم ناموں میں مسلم ممالک سے سفری پابندیوں کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ماحولیاتی معاہدے کی بحالی کا بل اور وفاقی املاک میں لازمی ماسک پہننے کے بل پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

ان کے زیادہ تر حکم نامے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں کو ختم کرنے سے متعلق ہیں۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اوول آفس میں بدھ کی سہ پہر مختلف اقدامات پر دستخط کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ حکم نامے اور ہدایات جاری کرنے کے لیے ‘وقت ضائع نہیں کرسکتے’۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں جن صدارتی حکم ناموں پر دستخط کروں گا ان میں سے کچھ کووِڈ 19 بحران کو تبدیل کرنے میں مدد کرنے والے ہیں، ہم ماحولیاتی تبدیلیوں کا اس طریقے سے مقابلہ کریں گے جیسے اب تک نہیں کیا گیا اور نسلی مساوات کو فروغ دینے کے ساتھ پسماندہ طبقات کی حمایت کریں گے، یہ سب ابتدائی نکات ہیں۔مشیروں کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹ صدر نے جن اقدامات پر دستخط کیے ان میں وفاقی املاک پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا، کورونا وائرس کے ردِ عمل میں تعاون کے لیے وائٹ ہاؤس میں نئے دفتر کا قیام اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے علیحدگی کا عمل روکنا شامل ہے۔امیگریشن سے متعلق احکامات میں جو بائیڈن نے سرحد پر دیوار کی تعمیر میں مدد دینے والے ڈونلڈ ٹرمپ کے ہنگامی اعلامیے کو واپس لے لیا اور مسلمان اکثریت والے کچھ ممالک پر لگائی گئی سفری پابندیاں ختم کردیں۔ان کی پریس سیکریٹری جین ساکی کا کہنا تھا کہ پہلے دن کا منصوبہ جو بائیڈن کے انتظامی اقدامات کا صرف آغاز ہے جو وہ دفتر میں داخل ہوتے ہی اٹھائیں گے۔پریس سیکریٹری نے مزید بتایا کہ ‘آئندہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اضافی ایگزیکٹو اقدامات کریں گے جو امریکی عوام کے لیے منتخب ہونے والے صدر کے امریکی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں