بارش سے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کی چھت گرنے لگی، بارش کا پانی لائونج میں داخل ہوگیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نیوایئرپورٹ کی چھت کو شدید نقصان پہنچا، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ڈیپارچر کی سیلنگ گرنے سے بارش کا پانی لاؤنج میں داخل ہوگیا، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بارش سے چھت کو نقصان پہنچنے کا نوٹس لے لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش سے اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت کو نقصان پہنچا ہے۔بتایا گیا ہے کہ بارش سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ڈیپارچر کی سیلنگ گر گئی۔سی ٹی ٹی وی میں سیلنگ گرنے فوٹیج دیکھی جاسکتی ہے۔ سیلنگ گرتے ہی بارش کا پانی لاؤنج میں داخل ہوگیا۔ واضح رہے پہلے بھی متعدد مواقع پر بارشوں کا پانی نیو

اسلام آباد ایئرپورٹ میں داخل ہوتا رہا ہے۔ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ناقص تعمیرات کی انکوائری دو سال سے جاری ہے۔دوسری جانب ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بارشوں سے چھت کو نقصان پہنچنے کا نوٹس لے لیا۔ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انتظامی افسران سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ دینے کے ساتھ مسئلے کا حل بھی تین دن میں بتایا جائے۔ ایئرپورٹ پراجیکٹ دائریکٹر اور مینیجر مشترکہ رپورٹ تیار کریں۔بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیرغلام سرور خان اور اعلیٰ حکام کل 17اگست کو ایئرپورٹ کا دورہ کریں گے۔ ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ 90 منٹ سے بھی کم وقت میں 56 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔موسلادھار بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں صبح چار بجے تک چلتی رہیں۔ جس کے باعث بارش سے ایئرپورٹ کے بعض حصوں میں پانی کا رساؤ ہوا اور چھت کو نقصان پہنچا۔ ایئرپورٹ سے بارش کا پانی نکال دیا گیا۔ لیکن بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید بارشیں ہونے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں