محمد بن سلمان نے ایران کیخلاف عالمی برادری سے بڑامطالبہ کردیا

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کے رکن ممالک کو خطے کو آگے لے جانے اور اس کو ایران سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز العُلا میں جی سی سی کے اکتالیسویں سربراہ اجلاس سےافتتاحی خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ایرانی نظام سے درپیش خطرات میں جوہری پروگرام ، اس کا بیلسٹک میزائل پروگرام اور اس کی اپنی اور گماشتہ تنظیموں کی دہشت گردی اور فرقہ وار سرگرمیاں شامل ہیں جن کا مقصد خطے کوعدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔یہ خطہ کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔جی سی سی کے لیڈروں کو

عالمی برادری سے یہ مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ خطے کی سلامتی کے لیے خطرے کا موجب ان پروگراموں کو روکنے کے لیے مل جل کرکام کریں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے بتایا کہ کونسل کے رکن ممالک نے العُلا اعلامیے پر دست خط کردیے ہیں۔جی سی سی کے سربراہ اجلاس کے میزبان شہر کے نام پر وضع کردہ اس اعلامیے میں خلیج ، عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان یک جہتی اور استحکام کی ضرورت پر زوردیا گیا ہے۔ان ممالک اور ان کے عوام کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کیا جاسکے۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ’’کونسل کا قیام ہمارے ممالک کے درمیان خصوصی تعلق داری کی بنیادپرعمل میں آیا تھا۔یہ ہمارے مشترکہ عقیدے ، بھائی چارے اور مشترکہ منزل کی عکاس ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’اس سربراہ اجلاس میں دو عظیم لیڈروں کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔انھوں نے رکن ممالک کے درمیان مصالحانہ بات چیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ کویت کے مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح اور عُمان کے مرحوم سلطان قابوس بن سعید ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ اجلاس میں شرکت کے لیے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی العلا پہنچے جہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔شیخ تمیم بن حمد کانفرنس میں قطری وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔جی سی سی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے کویت، عمان، بحرین اور اماراتی وفود بھی سعودی عرب پہنچے۔ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کا العلا میں استقبال کیا۔ متحدہ عرب امارات کا وفد نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر قیادت العلا پہنچا ۔ جبکہعمانی نائب وزیر اعظم فہد بن محمود آل سعید اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں